انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک بار پھر 15 دن کی توسیع کر دی گئی

اسلام آباد(میکس نیوز پاکستان)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک بار پھر مزید 15 دن کی توسیع کر دی ہے ۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی ہے، اب ٹیکس دہندہ 15 دسمبر تک اپنے گوشوارے جمع کراسکتے ہیں۔اس سے قبل انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر تھی، حکومت نے تاریخ میں مزید اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ حکومت نے گوشوارے دیر سے جمع کرانے والوں پر جرمانے کا اعلان کیا تھا تاہم تنخواہ دار طبقے کو اس پر چھوٹ دی گئی ہے۔ایف بی آر کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کا نام فوری طورپر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل ہو جائے گا۔کسی بھی مالیت کی غیر منقولہ جائیداد خریدنے پر فائلرز کے لے کوئی پابندی نہیں ہوگی، نان فائلر کی نسبت فائلرز کو آدھا وِد ہولڈنگ ٹیکس دینا پڑے گا۔نان فائلر ہونے کی صورت میں ڈیڑھ سے دو گنا زیادہ وِد ہولڈنگ ٹیکس دینا پڑے گا، نان فائلر 50 لاکھ سے زائد کی جائیداد نہیں خرید سکیں گے.