علیمہ خان کو 16 ملین درہم کی منی ٹریل اور رسیدیں دکھانا پڑیں گی : عابد شیر علی

فیصل آباد (میکس نیوز پاکستان) مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ علیمہ خان کو 16 ملین درہم کی منی ٹریل اور رسیدیں دکھانا پڑیں گی ۔ وہ بہت جلد ایک ویڈیو جاری کریں گے جس میں علیمہ خان، جہانگیر ترین اور فیصل واوڈا کی لندن کی جائیدادوں کی تفصیلات موجود ہوں گی۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ علیمہ خان کو متحدہ عرب امارات کے 16 ملین درہم کی منی ٹریل اور رسیدیں دکھانا پڑیں گی۔ انیل مسرت کے ذریعے نیوجرسی میں ایک مینشن اور لندن میں 4 لگژری فلیٹس خریدے گئے۔ جب تک علیمہ خان سے تحقیقات جاری رہیں تب تک وزیر اعظم عمران خان کو مستعفی ہوجانا چاہیے کیونکہ ان کے وزیر اعظم رہتے ہوئے احتساب ممکن نہیں ہوسکے گا۔

ضرور پڑھیں: سیاسی سفیروں کیلئے حکومت ڈیڈلائن ختم،علی جہانگیر صدیقی نے 2 ہفتے کا وقت مانگ لیا
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ مجھے انتظار ہے کہ کب چیئرمین نیب عمران خان کی بہن علیمہ خان کی جانب سے شوکت خانم ہسپتال کے فنڈز میں سے کیے گئے16 ملین درہم کے گھپلوں کی تحقیقات کا آغاز کریں گے ۔ باجا بریگیڈ اینکر ز کا انتظار ہے کہ وہ کب علیمہ خان کے معاملے پر ٹاک شوز کریں گے ، ہمیں عمران خان کے استعفیٰ کا بھی انتظار ہے۔

لیگی رہنما نے کہا میں بہت جلد زلفی بخاری اور اس کی غیر قانونی آف شور کمپنی کو بھی بے نقاب کروں گا جو غریب پاکستانی مزدوروں کے خون سے بنائی گئی ہے۔ میں بہت جلد علیمہ خان ، جہانگیر ترین ، فیصل واوڈا کی لندن میں موجود پراپرٹیز کے حوالے سے ایک ویڈیو جاری کروں گا۔