’’ میں جیل میں نواز شریف سے ملی تو انہوں نے مجھ سے اس چیز کی فرمائش کی‘‘ مریم نواز نے ایسی بات کہہ دی کہ لیگی کارکنوں کی آنکھوں میں آنسو آجائیں

لاہور (میکس نیوز پاکستان) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کوٹ لکھپت جیل لاہور میں اپنے والد سے ملاقات کی ہے جس میں نواز شریف نے ان سے اپنی مرحوم اہلیہ کی تصویر لانے کی فرمائش کی۔

مریم نواز نے اپنے والد نواز شریف سے ہونے والی ملاقات کا احوال ٹوئٹر پر بیان کیا۔ مریم نواز نے بتایا کہ آج (جمعرات کو) وہ میاں نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملیں ، ان کے حوصلے بلند ہیں۔ مریم نواز نے بتایا ’ میں نے میاں صاحب سے پوچھا کہ انہیں گھر سے کسی چیز کی ضرورت ہو تو بتادیں تو انہوں نے آگے سے جواب دیا کہ انہیں کلثوم نواز کی تصاویر لادی جائیں‘۔

خیال رہے کہ نواز شریف کو العزیزیہ سٹیل ملز کیس میں احتساب عدالت کی جانب سے 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ انہیں اڈیالہ جیل میں رکھا جانا تھا لیکن ان کی درخواست پر انہیں کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کیا گیا ۔ جیل انتظامیہ نے نواز شریف سے ملاقات کیلئے جمعرات کا دن مقرر کیا ہے اسی لیے مریم نواز بھی آج ہی ان سے ملی ہیں۔