پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم اور وزراءکے نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے وزیر مملکت برائے داخلہ کوخط لکھ دیا، مساوی سلو ک کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد(میکس نیوز پاکستان) پیپلزپارٹی نے وزیراعظم عمران خان سمیت کئی حکومتی وزرا کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کوخط لکھ دیاہے اور سب سے مساوی سلوک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

جیونیوز کے مطابق فرحت اللہ بابر کی جانب سے وزیر مملکت برائے داخلہ کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیاہے کہ وزیر اعظم عمران خان سمیت کئی وزراءاور تحریک انصاف کے رہنماﺅں کانا م ای سی ایل میں ڈالا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کئی وزرا ءاور رہنماوں کےخلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیقات ہورہی ہیں، جن وزرا ءاور پارٹی رہنماوں کے خلاف تحقیقات ہورہی ہیں ان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں، وزیراعظم عمران خان، پرویز خٹک، فہمیدہ مرزا، خالد مقبول صدیقی اور زبیدہ جلال کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالے جائیں،خط میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، سینئر وزیر عاطف خان، پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان اور جہانگیر ترین کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ جے آئی ٹی رپورٹس پر ای سی ایل میں نام ڈالے جاسکتے ہیں تو تحریک انصاف کے رہنماوں کے نام بھی ای سی ایل میں ڈال کر سب کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے ۔

واضح رہے کہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے جس کی روشنی میں حکومت نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پارٹی صدرآصف علی زرداری، فریال تالپور، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ سمیت 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈال کر ان کے ملک سے باہر جانے پر پابندی لگا دی ہے۔